Downloads TopBis
   
  Cleantouch Software Corp.
 
English Urdu Gallery Documents Downloads Links
بتاریخ 21 اگست 2009  (ماہِ رمضان)ـ خزائن الہدایت کا دوسرا ایڈیشن شائع کر دیا گیا، جس میں بہت ساری نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں اور پچھلے ایڈیشن میں موجود مسائل کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔ بتاریخ 21 نومبر 2009 ـ بفضلِ الہیٰ سافٹویئر خزائن الہدایت کو انٹرنیٹ پر نمایاں پزیرائی حاصل ہوئی اور 15 دنوں کے قلیل عرصے میں اسے 3500 سے ذیادہ لوگوں نے داؤنلوڈ کیا۔ پاکستان کے کئی نامور سی ڈی پبلیشرز نے اس کی اشاعت کے فرائض انجام دیتے ہوئے سی ڈی اسٹورز پر فراہمی شروع کر دی ہے۔ بتاریخ 2 نومبر 2009 ـ سافٹویئر خزائن الہدایت کا پہلا ایڈیشن ریلیز کر دیا گیا۔ انشاءاللہ تعالی بہت جلد یہ سافٹویئر تمام سی ڈی اسٹورز پر بھی دستیاب ہوگا۔

تعارف خزائن الہدایت    2.0

اللہ تبارک و تعالٰى کا احسانِ عظیم ہے کہ ہمیں اس ذاتِ برحق نے دینِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ و سلم کی خدمت کا دوبارہ شرف عنایت فرما کر اولیاء و علماءِ امّت کا فیضان عوام میں عام کرنے کی سعادت بخشی۔ خزائن الہدایت کا دوسرا ایڈیشن ۷ (سات) ماہ کے قلیل عرصے کے بعد ریلیز کرتے ہوئے ہم ربّ العالمین کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔ آپ کے علم میں ہوگا کہ جنوری ۲۰۱۰ میں ہم نے خزائن الہدایت کا پہلا ایڈیشن متعارف کیا تھا جسے اللہ ربّ العزت نے کامرانیوں و کامیابیوں سے ہمکنار کرنے کے لئے دنیا کے کئی خطوں میں اس کی تشہیر کے حیرت انگیز اسباب تخلیق فرما کر ہماری غیبی امداد کا سلسلہ جاری رکھا۔ سافٹویئر خزائن الہدایت کو کئی جیّد علماء کرام بشمول ہمارے شیخ سیّد شاہ تراب الحق قادری دامت بارکاتہم العالی کے حضور بھی پیش کیا گیا، جسے نہ صرف انہوں نے سراہا بلکہ اپنی علمی بصیرت کے شایانِ شان سافٹویئر کی بہتری کے لئے مشورے بھی فراہم کئے اور آئندہ پیش آنے والی مشکلات کے حل کے لئے اپنی امداد کی یقین دہانی بھی کروائی۔ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ اول روزِ اشاعت سے اب تک خزائن الہدایت کم و بیش ۹۵ ممالک میں قرآنِ کریم کی تلاوت و تحقیق کی غرض سے استعمال ہوا ہے۔ انہی استعمال کنندگان کی طرف سے موصول ہونے والے پُر لطف کلماتِ آفرین اور قیمتی آراؤں نے ہمیں سافٹویئر کا دوسرا ایڈیشن متعارف کروانے پر بضد کیا۔ صارفین کی تجاویز اور پچھلے ایڈیشن میں کیے گئے ہمارے کچھ وعدوں کی تکمیل کی صورت میں اس دوسرے ایڈیشن میں مندرجہ ذیل خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔

٭ مزید تراجم و تفاسیر شامل کرنے کی سہولت کا اضافہ

٭ سرچ انجن میں منفرد سہولت کا اضافہ

٭ عثمانی نسخۂ قرآن کی شمولیت

٭ تفسیر ابن کثیر و تفسیر جلالین (عربی) کی شمولیت

٭ صفحۂ اول میں اصلاحات

٭ متنِ قرآن (برّصغیری رسم الخط) میں اصلاحات

٭ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے قرآنی فانٹز میں اصلاحات

 

مزید تراجم و تفاسیر شامل کرنے کی سہولت کا اضافہ

اس سہولیت کی شمولیت کے لئے ہمیں روزِ اول سے ہی درخواستیں موصول ہونا شروع ہو گئی تھیں۔ قرآنِ کریم کی باریکیوں اور انٹرنیٹ پر موجود بے پناہ غیر معتبر مواد کے پیش نظر پہلے تو ہم اس فیچر کی شمولیت کے قائل نہ تھے لیکن روز بروز موصول ہونے والی اس درخواست کو نظر انداز کرنا بھی آسان نہ تھا، بالآخر انتہائی غور و فکر کے بعد مشروط طور پر اس فیچر کو اس انداز سے شامل کر لیا گیا کہ استعمال کرنے کی اہلیت رکھنے والے افراد انشاء اللہ محتاط بھی ہونگے۔ ابتدائی طور پر اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے ہم نے سافٹویئر میں عثمانی نسخۂ قرآن، تفسیر ابنِ کثیر و تفسیر جلالین کو شامل کیا ہے۔ اس فیچر کے تحت شامل کی جانے والی تازہ ترین مکتوبات انشاء اللہ مسلسل سافٹویئر کی ویب سائٹ پر پیش کی جاتی رہیں گی تاکہ صارفین انہیں ڈاؤنلوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں نصب کردہ خزائن الہدایت میں با آسانی امپورٹ کر سکیں۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے مطلوبہ مواد کو پہلے خاص انداز سے مرتب دے کر ایک XML فائل بنانا پڑتی ہے۔ فائل کے مخصوص انداز کی رہنمائی کے لئے کچھ معلومات خزائن الہدایت میں تحریر کی گئی ہیں باقی عثمانی نسخۂ قرآن کو امپورٹ کرنے کے لئے جو فائل ہم نے ترتیب دی ہے، کو بھی شاملِ مواد کیا گیا ہے تاکہ دلچسپی رکھنے والے افراد اس فائل کو دیکھتے ہوئے اپنے مطلوبہ متن کو بھی اسی ترتیب سے مرتب کر سکیں۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لئے جو XML فائل بنائی جائے گی، اُس کی ہر ممکنہ طریقہ سے ریلیز کرنے پر ہماری طرف سے قطعی ممانعت ہے ما سوا اس کے کہ فائل کو آپ ہمیں ارسال کر دیں تاکہ ہم فائل کی تحقیق و جانچ پڑتال کے بعد اسے دوسرے صارفین کی سہولت کے لئے سافٹویئر کی ویب سائٹ پر مہیا کر سکیں۔ فائل بنانے والے فرد کو ہماری طرف سے فائل کو صرف اپنے ذاتی استعمال کی اجازت ہے، اپنی فائل کے ساتھ خزائن الہدایت کو شامل کرنے سے پہلے تحریری اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔

 

سرچ انجن میں منفرد سہولت کا اضافہ

محققین کی سہولت کے لئے سرچ انجن میں مزید ایک آپشن شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے سرچ شدہ تمام آیات کا ترجمہ یا تفسیر بھی رزلٹ کے ساتھ ظاہر کیا جا سکے گا۔مثال کے طور پر پہلے ایڈیشن میں ہم یہ تو سرچ کر سکتے تھے کہ پورے قرآن میں کلمات ﴿یٰایھا الذین اٰمنو) کہاں کہاں وارد ہوئے ہیں مگر حاصل شدہ آیات کا مفہوم حاصل کرنے کے لئے الگ الگ تحقیق کرنا پڑتی تھی۔ اس نئے آپشن کے بعد اب یہ سہولت حاصل ہو گئی ہے کہ عربی متنِ آیات کے ساتھ ساتھ استعمال کنندگان اردو ترجمہ بھی اسی اسکرین پر رہتے ہوئے حاصل کر سکیں گے۔ اسی آپشن سے ایک اور فائدہ جو حاصل کیا جا سکتا ہے وہ یہ کہ مثلا اگر کسی کو جستجو ہو کہ دیکھیں، مترجم نے عربی کلمات ﴿کُتِبَ علیکم(جو کہ پورے قرآن میں ایک سے زائد بار وارد ہوئے ہیں)﴾ سے مختلف آیات میں کیا معنی لیے ہیں تو اس آپشن کو استعمال کرتے ہوئے اغراض و مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ یہ دو مثالیں صرف آپشن کو سمجھانے کے لئے تحریر کیں ہیں اگرچہ متنِ قرآن و تراجم و تفاسیر وغیرہ کی مشترکہ تحقیق کے لئے اس آپشن سے انگنت فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

 

صفحۂ اول میں اصلاحات

خزائن الہدایت کے صفحۂ اول میں بھی چند اصلاحات کی گئی ہیں، جن میں سرِ فہرست سہولیات تک آسان رسائی کے لئے صفحہ کے اوپری حصہ میں مختلف بٹن کی شمولیت ہے۔ مزید حصۂ متن میں منتخب کردہ رکوع سے متعلق چیدہ چیدہ معلومات کو سرخیاں لگا کر مزید وضاحت سے ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہر نیا پارہ شروع ہونے پر پارہ کی پہلی آیت کے ابتدائی کلمات کو انوکھے انداز سے پیش کیا گیا ہے تاکہ بوقتِ تحقیق و قرأت، قاری مطلع ہو سکے۔ چند نئی تھیمز کی شمولیت کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر اصلاحات بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔

 

متنِ قرآن (برّصغیری رسم الخط) میں اصلاحات

استعمال کنندگان کی نشاندہی اور متن کی مزید کئی بار انسانی و مشینی پروف ریڈنگ کے دوران پورے متن میں کچھ نہ کچھ اصلاحات کی گئی ہیں۔ ان اصلاحات میں کچھ غلطیوں کا ازالہ اور (فانٹز میں ہونے والی تبدیلیوں کی بناء پر) لکھنے کے طریقہ کار میں تبدیلیاں دونوں شامل ہیں، جس کے بعد خزائن الہدایت کے اس ایڈیشن میں موجود متن برّصغیری رسم الخط پر ۹۹ فیصد اعتبار کیا جا سکتا ہے۔ متن میں ہونے والی اصلاحات کے پیشِ نظر گنتی کے نظام میں بھی کچھ اصلاحات کی گئی ہیں۔ اُن تمام صارفین کہ جنہوں نے پہلے ایڈیشن سے متن اخذ کر کے کہیں استعمال کیا ہو، سے گذارش کی جاتی ہے کہ اپنے بنائے گئے سافٹویئر، ویب سائٹ، کاغذات و فائل وغیرہ کو اس ایڈیشن کے متن سے اپ ڈیٹ کر لیں۔

 

جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے قرآنی فانٹز میں اصلاحات

جیسا کہ آپ احباب کے علم میں ہے، نسخۂ برّ صغیری رسم الخط کو خزائن الہدایت میں ہو بہو ظاہر کرنے کے لیے دنیا کے مختلف حصوں میں موجود خالص خدمتِ دین کا جذبہ رکھنے والے،عربی و اردو فانٹ سازی کے ماہرین کی مدد سے سافٹویئر کے لیے خصوصی فانٹز تیار کیے گئے تھے۔ ان فانٹز (القلم قرآن اور القلم قرآن مجید) کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مسلسل فنی اصلاحات کی جاتی رہی ہیں تاکہ پاک و ہند اور دنیا کے کئی دوسرے خطوں میں مروّجہ نسخۂ قرآن (برّصغیری رسم الخط) کو خزائن الہدایت کے ساتھ ساتھ دیگر معروف سافٹویئر مثلاً مائیکروسافٹ آفس، انٹرنیٹ ایکسپلورر، ایڈوب اِن ڈیزائن، فائرفاکس وغیرہ پر بھی اپنی تمام تر خوبصورتیوں کے ساتھ ظاہر کیا جا سکے۔ اس ضمن میں موجودہ تمام تر جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئےالقلم قرآن اور القلم قرآن مجید فانٹز کے بھی دوسرے ایڈیشن ریلیز کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی خزائن الہدایت عربی اردو کی بورڈ کا تجدید شدہ ایڈیشن بھی شامل ریلیز ہے۔

ہماری روزِ اول سے ہی خواہش تھی کہ سافٹویئر میں مزید اردو تراجم و تفاسیر کو شامل کیا جائے مگر ان مکتوبات کے پبلشنگ اداروں کے ذمّہ داران سے ہمارا رابطہ نہ ہوسکنے کی بناء پرموجودہ ایڈیشن میں بھی ہم یہ اضافہ کرنے سے قاصر رہے۔ اس ضمن میں ہمارے تمام خیر خواہوں سے ایک بار پھر التماس کی جاتی ہے کہ اگر آپ کے پاس معروف و مستند تراجم و تفاسیر (خصوصاً جدید اردو ترجمۂ قرآن از علامہ ریاض حسین شاہ صاحب، تفسیر ضیاء القرآن، اردو ترجمۂ تفسیر ابنِ کثیر از پیر محمد کرم شاہ الازھری رحمۃ اللہ تعالی علیہ) کا متن (ٹیکسٹ) موجود ہو یا آپ کسی پبلشنگ ادارے سے یہ مواد حاصل کر کے ہمیں فراہم کر سکتے ہوں تو ضرور اس کارِ خیر میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ انہیں بھی شاملِ مواد کر کے سافٹویئر کو اس کے نام سے ذیادہ سے ذیادہ مطابقت دی جا سکے۔

 

خزائن الہدایت کی تشہیر، اشاعت و تقسیم

سافٹویئر خزائن الہدایت ہماری ویب سائٹ پر بالکل مفت ڈاؤنلوڈ کے لیئے دستیاب ہیں، ادارہ استعمال کرنے والوں اور اسے شائع کرنے والوں سے کوئی رقم وصول نہیں کرتا نہ کسی کو یہ حق دیتا ہے کہ اس سافٹویئر یا اس کے کسی بھی مواد کو استعمال کرتے ہوئے خطیر رقم وصول کریں۔ سی ڈی ریلیز و فروخت کرنے والے ادارے و افراد اپنے عمومی نفع کے ساتھ فروخت کر سکتے ہیں۔ اس سافٹویئر کا مجموعی حجم تقریباً ایک سی ڈی کی سائز کے برابر ہے جسے یقیناً سست رفتار انٹرنیٹ استعمال کرنے والے آسانی سے ڈاؤنلوڈ نہیں کر سکتے، اس ضمن میں سی ڈی ریلیز کرنے والے اداروں سے خاص گذارش کی جاتی ہے کہ اس سافٹویئر کی جتنی ذیادہ تعداد میں ممکن ہو سکے تشہیر کے خصوصی اہتمام کے ساتھ سی ڈی ریلیز کریں تاکہ اس سافٹویئر کی ہر طبقہ کے افراد تک آسان رسائی ممکن ہو۔ مزید بک اسٹال والے بھی اگر ممکن ہو تو اسے ہم سے (قیمتاً بغیر نفع) یا سی ڈی ریلیز کرنے والے اداروں سے خرید کر اپنے اسٹالوں پر مناسب قیمت پر فروخت کے لئے رکھیں۔ اس سافٹویئر کی تشہیر کے لیئے ہمارے پاس بڑی سائز میں اشتہار بھی دستیاب ہیں جنہیں اپنے اسٹالوں پر آویزاں کرنے کے لیئے ہم سے (قیمتاً بغیر نفع) منگوا سکتے ہیں یا اگر زیادہ تعداد میں درکار ہو تو ہماری ویب سائٹ سے فائل ڈاؤنلوڈ کرکے چھپوا سکتے ہیں۔

اسلامی تنظیمیوں اور عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ خزائن الہدایت کی جتنی ممکن ہو سکے نقل (کاپی) سی ڈی بنا کر اپنے دوست، احباب و دیگر میں تقسیم کرکے یا اس سافٹویئر کی تشہیر مندرجہ ذیل ذرائع سے فرما کر تبلیغ دین کے اس مشن میں ہمارا ساتھ دیں۔

٭ اخبارات، کتب و رسائل میں اس سافٹویئر کے اشتہارات

٭ اپنی ویب سائٹ پر اس سافٹویئر کی تشہیر

٭ انٹرنیٹ فورمز، بلاگز اور ڈاؤنلوڈ پورٹلز پر اس سافٹویئر کا تعارف

٭ ای میل و ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے دوست و احباب میں اس سافٹویئر کا تعارف

٭ اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے اس سافٹویئر کی خصوصی تشہیر کی درخواست کی جاتی ہے


آخر میں آپ سے گذارش ہے کہ مطالعہ کے دوران اگر کہیں کوئی غلطی یا خامی ملاحظہ کریں تو ادارے کو اس سے ضرور مطلع کریں۔ آپ کی قیمتی آراء اور راہنمائی میں خوب سے خوب تر کی جستجو میں ہمارا سفر جاری رہے گا۔ انشاء اللہ تعالٰی

 

شکریہ

آپ کے تعاون اور دعاؤں کے متمنی

Cleantouch Software Corporation

http://www.cleantouch.com.pk

http://www.alquransoftware.com

info@alquransoftware.com

.
Cleantouch Software Corporation
Suite No.C-2, Osif Centre, Block 13-A, Gulshan-e-Iqbal, Karachi.
Tel: 021-34820018, 021-34822714
Cell: 0345-284299, 0333-2671155
E-Mail:
info@alquransoftware.com, khazainulhidayat@gmail.com


Note: Please Download & Install Fonts to view Arabic & Urdu text in this website properly.
Copyright (C) 2009, Cleantouch Software Corporation